وزیرِ اعظم کی اجلاس میں آمد پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیرِ اعظم نے تمام کابینہ ارکان کا شکریہ ادا کیا اور وفاقی کابینہ کو خلیج میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے بارے میں تفصیلی طور پر اعتماد میں لیا۔

وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک سفارتی کوششوں پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ کابینہ نے خاص طور پر پاکستان کی غیر جانبدار اور مخلصانہ سفارتکاری کو سراہا جس کی بدولت امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا معاہدہ ممکن ہوا۔

وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز پاکستان کی کوششوں کے مثبت نتائج پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر ادا کیا جائے اور جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل ہونے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
کابینہ ارکان نے پاکستان کی سفارتی محاذ پر کی گئی کوششوں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی ہوئی ہے۔ ارکان نے ملکی معاشی ترقی کیلئے محنت اور لگن کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
"پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی وجہ سے خطہ اب مستقل امن کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔”
"وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتہائی کشیدہ اور مایوسی بھری فضا میں فریقین کو جنگ بندی پر راضی کر کے نہ صرف خطے کو تباہی سے بچایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔”

