اسلام آباد
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان عالمی سفارت کاری کا محور بن گیا ہے۔ اسلام آباد میں آج اور کل دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے، جن میں وفود کی سطح پر بات چیت آج جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کو طے ہے۔
امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہوں گے، جبکہ ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کے بعد کہا کہ امریکی مہمان پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں اور ان کے استقبال کے لیے ہر ممکن انتظام کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ مذاکرات بند کمروں میں ہوں گے اور امریکا صرف وہی معاہدہ قبول کرے گا جو اس کے قومی مفاد میں ہو۔
پاکستان کی یہ میزبانی خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

