آزاد کشمیر پولیس کی بڑی کارروائی؛ مبینہ را ایجنٹ گرفتار، حساس معلومات جمع کرنے کا انکشاف

آئی جی کشمیر.webp


آزاد کشمیر پولیس کی بڑی کارروائی؛ مبینہ را ایجنٹ گرفتار، حساس معلومات جمع کرنے کا انکشاف

انسپکٹر جنرل کے مطابق ملزم معصوم بچوں کو پیسے کا لالچ دے کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے مبینہ طور پر وابستہ ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ راولاکوٹ پولیس نے عرفان نامی ملزم کو حراست میں لیا ہے جو حساس تنصیبات اور اہم مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر دشمن تک پہنچا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے سرگرم تھا اور اہم مقامات کی لوکیشنز بھی شیئر کر رہا تھا۔

لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم سے برآمد ہونے والا مواد میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ہے جبکہ جن مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا ان کی مکمل تفصیلات بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس موجود ہیں۔

انسپکٹر جنرل کے مطابق ملزم معصوم بچوں کو پیسے کا لالچ دے کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا۔

گرفتار ملزم عرفان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ جون 2025 میں ’’شاہد‘‘ نامی شخص نے اسے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور آن لائن نوکری کی پیشکش کی۔

 بعد ازاں گفتگو واٹس ایپ پر منتقل ہوئی جہاں اسے ایک ایپلی کیشن انسٹال کروائی گئی ملزم کے مطابق اسے گوجرانوالہ کے مختلف مقامات اور فوجی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے کی ہدایت دی جاتی تھی۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر عوام کو دھوکہ دے کر حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم پولیس ہر محاذ پر چوکس ہے، آزاد کشمیر کی سرزمین کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ