ملک بھر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

بارش اور برفباری 1.webp


اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

کہاں کہاں بارش متوقع ہے؟

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، استور، دیامر، خرمنگ، شگر، غزر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی اور وادی نیلم میں بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، منگورہ، بٹگرام، ہری پور، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پنجاب میں اسلام آباد سمیت راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤں سمیت بارش متوقع ہے۔

ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچاسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہوجائیں گی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ