صنعا/بیروت: مشرق وسطیٰ کی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ یمن کے حوثیوں نے اہم آبی گزرگاہ باب المندب بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ لبنان کی حزب اللہ نے یکطرفہ سیز فائر کو مسترد کر دیا ہے۔
یمن کی حوثی حکومت کے نائب وزیر خارجہ حسین العزی نے کہا ہے کہ اگر صنعا نے باب المندب بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تو اسے کھولنے کے لیے انسان اور جن دونوں بے بس ہو جائیں گے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عالمی طاقتوں کو خبردار کیا کہ وہ امن میں رکاوٹیں ڈالنا فوراً بند کریں اور یمنی عوام کے حقوق کا احترام کریں۔
دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نعیم القاسم نے ایک انٹرویو میں واضح پیغام دیا کہ یکطرفہ سیز فائر لبنان کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور کوئی بھی یکطرفہ جنگ بندی قبول نہیں کی جائے گی۔
یہ بیانات آبنائے ہرمز میں جاری ایرانی ناکہ بندی اور علاقائی تنازعات کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جس سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

