اسلام آباد – یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور نامور یورپی کمپنیوں کے سینئر اگزیکٹوز پر مشتمل ایک اہم وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاک-یورپ بزنس فورم کے موقع پر ہوئی۔

وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے بین الاقوامی شراکت داری کے ڈائریکٹر (ایشیا پیسیفک) پیٹریس اسٹبز نے کی۔ وفد میں یورپی سرمایہ کاری بینک کی نمائندہ تھوریا تریکی، ایڈیڈاس کے وائس پریزیڈنٹ مینوئل پاؤزر، آندریٹز کے وائس پریزیڈنٹ کارل شلوگل باؤر اور آئیکیا کے ریجنل ڈائریکٹر ڈیٹر میٹکے شامل تھے۔ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور برآمدات کی سب سے بڑی منزل ہے۔ انہوں نے بزنس فورم کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ فورم دونوں جانب تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور تیل کی بڑھتی قیمتوں جیسے علاقائی چیلنجوں کے باوجود معیشت کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے اپنی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا بھی ذکر کیا جس میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔
یورپی وفد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور توانائی، مواصلات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اجاگر کیے۔ بزنس فورم کے دوران 600 سے زائد بی ٹو بی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرتجارت جام کمال خان، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

