پاکستان کے ایران سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، وزیرِاعظم

IMG 20250916 WA0608



دوحہ: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے دوحہ میں ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی۔ یہ اجلاس اسرائیل کے حالیہ قطر پر حملے کے بعد طلب کیا گیا تھا۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیرِاعظم نے قطر پر 9 ستمبر کو اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا تاکہ اسرائیلی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ دوحہ سربراہی اجلاس نے مسلم دنیا کی طرف سے ایک مضبوط اور متفقہ پیغام دیا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت اب مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے ایرانی صدر کے گزشتہ ماہ پاکستان کے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
وزیرِاعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔
صدر پیزشکیان نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے واضح مؤقف کو سراہتے ہوئے وزیرِاعظم کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے اور ایران-پاکستان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ پوسٹ