لندن / نیویارک — آبنائے ہرمز میں فوجی آپریشن روکنے کے اعلان کے فوری بعد عالمی تیل کی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی منڈی کے اعداد و شمار کے مطابق لندن برینٹ کروڈ کی قیمت میں 6.97 ڈالر فی بیرل کی کمی آئی جبکہ امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت 7.17 ڈالر فی بیرل تک گرگئی۔ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ عرصے میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی بڑی گراوٹوں میں سے ایک ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے دوران عالمی تیل کی سپلائی میں شدید رکاوٹ آئی تھی جس کے باعث قیمتیں بلند سطح پر تھیں، تاہم آپریشن رکنے کی خبر کے بعد سرمایہ کاروں نے فوری طور پر منڈی میں فروخت کا رخ کیا جس سے قیمتیں تیزی سے نیچے آگئیں۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی سب سے اہم آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے جس سے عالمی تیل کی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد گزرتا ہے۔ اس گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی توانائی منڈی کو براہ راست متاثر کرتی ہے۔

