مشہد — 13 مئی 2026
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل محمد اکرمی نے بدھ کو واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ایران کے لیے پسپائی کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔
مشہد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اعلیٰ ترین جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور امریکا کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود توازن برقرار ہے۔
جنرل اکرمی نے بتایا کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ آبنائے ہرمز کے مغربی حصے پر کنٹرول رکھتی ہے جبکہ مشرقی حصہ ایران کی باقاعدہ بحری افواج کے زیرِ نگرانی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا کو کوئی بھی متبادل فوجی ساز و سامان آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر موجود فوجی ساز و سامان کو بڑے پیمانے پر تباہ کیا گیا اور ایران نے دشمن کو اپنے کسی بھی ہدف تک پہنچنے سے کامیابی سے روکا۔

