بیجنگ،
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ‘بہترین ڈپلومیٹ میڈل’ سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز وزارت خارجہ بیجنگ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا گیا۔
سفیر ہاشمی کو یہ تمغہ پاک چین تعلقات کو مستحکم کرنے اور غیر معمولی سفارتی خدمات انجام دینے کے اعتراف میں دیا گیا۔ وہ چین میں خدمات سرانجام دینے والے پہلے پاکستانی سفیر ہیں جنہیں یہ نادر اعزاز حاصل ہوا۔
اس موقع پر سفیر ہاشمی نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنی ٹیم، خاندان اور دونوں ممالک کی سفارتی خدمات کے نام وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ عالمی چیلنجز میں کندھے سے کندھا ملا کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

