وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی اہم ملاقات، وفاقی بجٹ اور فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال

IMG 20260520 WA1716 scaled


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر تعلیم و ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، قومی اسمبلی کے اراکین سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وفد نے سندھ خصوصاً کراچی میں وفاقی حکومت کے تحت عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے اور ان کے عملی نفاذ کے لیے ایک جامع اور قابل عمل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
وزیراعظم نے ایم کیو ایم کی حکومت کی اہم اتحادی جماعت کے طور پر کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ایم کیو ایم نے عوامی فلاح کے ہر اقدام میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

متعلقہ پوسٹ