اسلام آباد — صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعتِ الٰہی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دیا جائے، اور کہا کہ مایوسی کے اندھیروں کو خدمت، علم، محنت اور اتحاد کی روشنی سے شکست دی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قربانی کا جذبہ انسانیت، ایثار اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جان قربان کرنے والے شہدا کو قومی فخر قرار دیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ عید پر غریبوں اور مستحقوں کا خاص خیال رکھیں۔ وزیراعظم نے فلسطینی اور کشمیری عوام سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

