بنگلہ دیش میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک نایاب البینو بھینس نے پوری قوم کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ اس بھینس کو اس کے سنہری اور سفید بالوں کی وجہ سے امریکی صدر ”ڈونالڈ ٹرمپ” کا نام دیا گیا تھا، اور بالآخر حکومتی مداخلت کے بعد اس کی قربانی روک دی گئی۔
دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ایک فارم پر پلنے والا یہ بھینس تقریباً ۷۰۰ کلوگرام وزنی ہے۔ اس کے منفرد سفید بال اور خاص ہیئت نے اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا اور لوگ دور دور سے اسے دیکھنے اور تصاویر بنانے آنے لگے۔
فارم کے مالک ضیاءالدین مرشدہ کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نے اس کے ماتھے پر موجود ہلکے بالوں کی مناسبت سے اسے ”ڈونالڈ ٹرمپ” کا نام دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جانور انتہائی پرسکون طبیعت کا ہے اور بنگلہ دیش میں البینو بھینسے انتہائی نایاب ہوتے ہیں۔
یہ بھینس عید الاضحیٰ سے قبل ایک خریدار کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم مقامی ٹی وی چینل ”چینل ۲۴” کے مطابق وزارتِ داخلہ نے اس کی بڑھتی مقبولیت کے پیشِ نظر حکام کو اس کی قربانی روکنے کی ہدایت جاری کی۔ بعد ازاں اسے دوبارہ اسی فارم پر واپس بھیج دیا گیا۔ حکام نے اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ عوام کو نہیں بتائی۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش میں مشہور شخصیات کے ناموں پر قربانی کے جانوروں کا رواج بڑھتا جا رہا ہے، جو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرتے ہیں۔

