واشنگٹن — امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی نئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں سرمایہ کاری فراڈ میں 87 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 2026 کی سب سے بڑی سائبر واردات بن چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2023 میں سرمایہ کاری فراڈ سے 4.6 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا جو 2025 میں بڑھ کر 8.6 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔ اسی عرصے میں جعلی تکنیکی مدد اور کسٹمر سپورٹ فراڈ میں 131 فیصد اضافہ ہوا جس سے 2.1 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، جبکہ لاٹری اور وراثتی دھوکہ دہی کے نقصانات 94 ملین سے بڑھ کر 194 ملین ڈالرز تک پہنچ گئے۔
60 سال سے زائد عمر کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے جنہوں نے صرف سرمایہ کاری فراڈ میں 3.5 ارب ڈالرز سے زیادہ گنوائے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے تیار جعلی ویڈیوز اور نقلی شخصیات کے باعث یہ فراڈ مزید خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔ ایف بی آئی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی سرمایہ کاری سے قبل سرکاری اداروں سے تصدیق اور مستند مالی مشیر سے رہنمائی ضرور لیں۔

