اٹلی میں 4 افغان مزدوروں کو زندہ جلا کر قتل — 2 پاکستانی گرفتار

FB IMG 1780425129164


روم/کلابریا (انٹرنیشنل ڈیسک): اٹلی کے جنوبی صوبے کلابریا میں ایک ہولناک واقعے میں چار افغان کھیت مزدوروں کو منی وین کے اندر زندہ جلا کر قتل کر دیا گیا۔ اطالوی پولیس نے اس سفاکانہ قتلِ عام کے الزام میں دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعہ کلابریا کے زرعی گاؤں امینڈولارا کے قریب ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو ملزمان نے پہلے باہر سے وین کے دروازے بند کر دیے تاکہ اندر موجود افراد فرار نہ ہو سکیں، پھر آتش گیر مائع — پیٹرول یا کیمیکل — اندر پھینک کر گاڑی کو آگ لگا دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائر فائٹرز کے پہنچنے پر چاروں افغانیوں کی جھلسی لاشیں برآمد ہوئیں۔
مقامی پولیس چیف انتونیو بوریلی نے اسے یقینی قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو ریمانڈ پر لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پس منظر کے طور پر بتایا گیا ہے کہ یہ علاقہ گزشتہ چند ماہ سے تارکینِ وطن کے درمیان کام کی تقسیم، رہائش اور کاغذات کے تنازعات کا مرکز بنا ہوا تھا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں پاکستانیوں کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے 14 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن کا المناک انجام اس اجتماعی قتل کی صورت میں سامنے آیا۔

متعلقہ پوسٹ