راولاکوٹ، آزاد کشمیر | عامرمغل سے
آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر منصوبہ بند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 20 سے زائد پولیس و سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس آزاد جموں و کشمیر نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح عناصر نے احتجاج کی آڑ میں اہلکاروں کو منصوبہ بندی سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء اور زخمیوں کے زخم فائر آرم اور گن شاٹ نوعیت کے ہیں۔
آئی جی نے کہا کہ یہ واقعہ کوئی پرامن سیاسی احتجاج نہیں بلکہ ایک منظم مسلح دہشت گردی کی کارروائی ہے جس میں ریاستی رٹ، عوامی امن اور سی ایم ایچ راولاکوٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا — جو مریضوں، طبی عملے اور زخمی اہلکاروں کی سلامتی کو براہِ راست خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
آئی جی نے کہا کہ کسی مسلح جتھے کو آزاد کشمیر کے امن، شہریوں کی سلامتی اور ریاستی نظم کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس حملے کا قانونی نتیجہ شواہد پر مبنی، ناگزیر اور آئین و قانون کے مطابق یقینی ہوگا۔
— قومی ڈیسک

