غزہ میں بچوں کو نشانہ بنانے کی تحقیق کو یورپ کا اعلیٰ ترین صحافتی اعزاز


ایمسٹرڈیم — غزہ میں فلسطینی بچوں کو مبینہ طور پر جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے الزامات کی تحقیق کرنے والی ڈچ اخبار de Volkskrant کی رپورٹ کو یورپی پریس پرائز ۲۰۲۶ء سے نوازا گیا ہے۔ ”What the Wounds Tell” کے عنوان سے شائع ہونے والی اس رپورٹ کو صحافیوں Maud Effting اور Willem Feenstra نے تیار کیا۔
رپورٹ میں اکتوبر ۲۰۲۳ء سے ۲۰۲۵ء کے وسط تک ۱۵ سال سے کم عمر ۱۱۴ فلسطینی بچوں کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جنہیں سر یا سینے میں گولی لگی تھی۔ تحقیق کے لیے امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے ۱۷ ڈاکٹروں اور ایک نرس سے گفتگو کی گئی جنہوں نے غزہ کے ۶ اسپتالوں اور ۴ طبی مراکز میں خدمات انجام دی تھیں۔
امریکی ٹراما سرجن فیروز سدھوا نے بتایا کہ صرف ۴۸ گھنٹوں میں چار بچے سر میں گولی لگنے کے زخموں کے ساتھ لائے گئے، اور اگلے ۱۳ دنوں میں مزید نو ایسے ہی کیسز سامنے آئے۔ فرانزک ماہرین نے رائے دی کہ زخموں کا یکساں انداز سنائپر یا ڈرون فائرنگ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
یورپی پریس پرائز کمیٹی نے اسے ”غیر معمولی حالات میں غیر معمولی صحافت” قرار دیا۔

متعلقہ پوسٹ