اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نجکاری کا پورا عمل انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے اور ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO)، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی (GEPCO) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO) کی نجکاری کی جائے گی۔ ان تینوں کمپنیوں کے لیے ملکی و بین الاقوامی اخبارات میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ دیا جا چکا ہے اور کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری بھی دے دی ہے۔
سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اس ماہ سے روڈ شوز کا آغاز کیا جا رہا ہے جن میں سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی روڈ شوز بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزرائے قانون، خزانہ، اقتصادی امور، پاور ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

