اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد توانائی کی عالمی مارکیٹ میں استحکام کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔
تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت کم ہو کر 74.68 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ آئل 77.68 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ جغرافیائی کشیدگی میں کمی اور خطے میں سفارتی پیش رفت کے نتیجے میں عالمی منڈیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جس سے تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد معاہدے کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور عالمی تجارتی و توانائی راہداریوں کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی ہے۔ اس پیش رفت سے تیل درآمد کرنے والے ممالک، خصوصاً پاکستان، کو معاشی ریلیف ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان سمیت کئی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں اور مہنگائی پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

