واشنگٹن — خصوصی نامہ نگار
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کی ۲۵۰ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر ایک خصوصی محدود ایڈیشن پاسپورٹ کا خاکہ جاری کیا ہے جس کے سرورق پر خود ان کی تصویر موجود ہے۔ "ٹروتھ سوشل” پر شیئر کیے گئے اس مجوزہ ڈیزائن کو وائٹ ہاؤس نے "PATRIOT PASSPORT” کا نام دیا ہے۔
پاسپورٹ کے پس منظر میں اعلامیۂ آزادی کا متن، ۱۷۷۶ء کی تاریخی تصویر کشی اور "United States of America 250” کا نوشتہ شامل ہے، جبکہ ٹرمپ کا دستخط بھی نمایاں ہے۔ صدر نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "امریکہ کا نیا پاسپورٹ — خوش آمدید، لیکن اچھے بن کر آئیں۔”
اس اقدام نے سیاسی حلقوں میں فوری تقسیم پیدا کردی۔ حامی اسے قومی فخر اور قیادت کی علامت قرار دیتے ہیں، جبکہ ناقدین نے اسے قومی شناخت کو ذاتی تعظیم کے لیے استعمال کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ خاکہ فی الحال تصدیق شدہ نہیں، تاہم اس نے آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی بحث کو ہوا دے دی ہے۔

