کاراکس / بیونس آئرس،
وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں نے ارجنٹائن کے فٹبالر لوکاس تریجو سے ان کا سب کچھ چھین لیا۔ 74 گھنٹے تک جاری رہنے والے تھکا دینے والے تلاش و بچاؤ آپریشن کے بعد ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے ان کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور دونوں کمسن بچوں آرون اور آئنہوا کی لاشیں برآمد کر لیں۔
یہ اندوہناک خبر فٹبال کی دنیا میں سوگ کی لہر لے کر آئی۔ لوکاس تریجو جو اس وقت اپنی ٹیم کے ساتھ دور تھے، اپنے پیاروں کی تلاش میں ہر گزرتے لمحے کو بے چینی سے گزار رہے تھے۔ جب تین روز بعد یہ خبر آئی تو ان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
وینزویلا میں حالیہ زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے اور درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
فٹبال برادری، کھلاڑیوں اور کلبوں نے سوشل میڈیا پر تریجو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اس ناقابلِ بیان نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

