روم میں ویسپا اسکوٹر کی ۸۰ویں سالگرہ کا شاندار جشن، ہزاروں سوار سڑکوں پر نکل آئے


روم (مانیٹرنگ ڈیسک): اٹلی کے دارالحکومت روم میں دنیا کی معروف ویسپا اسکوٹر کی ۸۰ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ دنیا بھر سے ہزاروں اسکوٹر سواروں نے روم کی تاریخی گلیوں میں شاندار پریڈ کی، جس نے شہر کو ایک رنگین اور یادگار منظر میں تبدیل کر دیا۔
چار روزہ جشن کا آغاز جمعرات کو شمالی روم کے فورو اطالیکو میں ”ویسپا ولیج” کے افتتاح سے ہوا اور اختتام سنیچر کو ہزاروں ڈرائیوروں کی شہر بھر میں تیز رفتار پریڈ پر ہوا۔
روم کے میئر رابرٹو گوالٹیری نے اس موقع پر کہا کہ ویسپا محض ایک اسکوٹر نہیں بلکہ اٹلی کی ثقافت اور تاریخ کی علامتی شناخت ہے، جو دوسری جنگِ عظیم کے بعد ملک کے احیا اور عروج کی داستان بیان کرتی ہے۔
”ویسپا” جس کا اطالوی زبان میں مطلب ”بھڑ” ہے، کو ۱۹۴۶ء میں معروف طیارہ ساز ادارے پیاجیو نے ایک سستے اور قابلِ رسائی ذریعہ نقل و حمل کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ یہ اسکوٹر بعد ازاں کلاسک فلموں کا حصہ بھی بنی، جن میں ۱۹۵۳ء کی ”رومن ہالی ڈے”، ۱۹۶۰ء کی ”لا ڈولسے ویٹا”، ”دی ٹیلنٹڈ مسٹر رپلی” اور حالیہ اینیمیٹڈ فلم ”لوکا” شامل ہیں۔
پیاجیو گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین میٹیو کولانینو کے مطابق ۱۹۴۶ء سے اب تک تقریباً دو کروڑ ویسپا اسکوٹرز تیار کی جا چکی ہیں اور یہ اب تقریباً ۱۰۰ ممالک میں فروخت ہو رہی ہے، جو اس کی عالمگیر مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ پوسٹ