ایف بی آر نے چھوٹی دکانوں کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا، ان لینڈ ریونیو افسران کے داخلے پر پابندی

IMG 20260716 WA1835

اسلام آباد:  بیورو رپورٹ محمد سلیم سیے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانے کے مقصد سے اہم اقدام کرتے ہوئے رجسٹرڈ چھوٹی دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریونیو ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ دکاندار آئیرس (IRIS) ویب پورٹل یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سادہ ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں گے، جس میں خرید و فروخت، اخراجات اور منافع کی تفصیلات درج کرنا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ دکانداروں کو ایک مخصوص سبز پلیٹ جاری کی جائے گی، جسے دکان کے باہر نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا۔ اس سبز پلیٹ والی دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کو ٹیکس معاملات کے سلسلے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق سبز پلیٹ پر مخصوص کیو آر کوڈ (QR Code)، دکاندار کا نام، این ٹی این (NTN) نمبر اور دکان کا مکمل پتہ درج ہوگا، تاکہ رجسٹریشن اور ٹیکس ریکارڈ کی فوری تصدیق کی جا سکے۔

اس اقدام کا مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو زیادہ شفاف، آسان اور ڈیجیٹل بنانا ہے، جبکہ غیر ضروری انسپیکشن اور دفتری مداخلت کو بھی کم کرنا ہے۔

متعلقہ پوسٹ