اسلام آباد محمد سلیم سے — اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے پولیس کے وائرلیس کمیونیکیشن نیٹ ورک کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے تمام وائرلیس سیٹس کے مکمل آڈٹ اور فزیکل ویریفکیشن کا حکم جاری کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وائرلیس آلات کا ریکارڈ ازسرِنو مرتب کیا جائے، لاپتہ یا غیر رجسٹرڈ سیٹس کی نشاندہی کی جائے، اور اس ضمن میں ذمہ دار افسران کا تعین کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس کے دوران حالیہ پولیس مقابلوں، اسلحے کے استعمال اور متعلقہ مقدمات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ ہر کارروائی قانون کے دائرے میں، شفافیت اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے۔
انہوں نے افسران کو پولیس وسائل کے مؤثر استعمال، احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

