اریجیت سنگھ بالی ووڈ میں واپس نہیں آ رہے، فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ کا گانا ریٹائرمنٹ سے پہلے ریکارڈ کیا گیا تھا

arij 2207 d


عمران ہاشمی کی آنے والی فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے ٹائٹل گیت ’’یہ آوارہ پن‘‘ کی ریلیز کے بعد یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ گلوکار اریجیت سنگھ نے اپنی ریٹائرمنٹ ختم کر کے پلے بیک سنگنگ میں واپسی کر لی ہے۔ تاہم ان کے منیجر نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ گانا کسی واپسی کا اعلان نہیں بلکہ ریٹائرمنٹ سے پہلے دیے گئے پرانے وعدوں کی تکمیل ہے۔ منیجر کے بقول، ’’یہ پرانے معاہدے ہیں، اریجیت پلے بیک سنگنگ میں واپسی نہیں کر رہے۔‘‘
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے جنوری ۲۰۲۶ء میں پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ بھی کہا تھا کہ پہلے سے کیے گئے وعدے ضرور نبھائیں گے۔
’’یہ آوارہ پن‘‘ کی موسیقی امال ملک نے ترتیب دی ہے جبکہ بول رشمی وراگ کے تحریر کردہ ہیں۔ یہ گانا وشیش فلمز اور سونی میوزک انڈیا کے بینر تلے ریلیز کیا گیا، جس نے شائقین کو ۲۰۰۷ء کی کلاسک فلم ’’آوارہ پن‘‘ کی یاد دلا دی۔ میوزک ویڈیو میں عمران ہاشمی ایک بار پھر شیوم پنڈت کے کردار میں دکھائی دیے۔
فلم میں دیشا پٹانی، شبانہ اعظمی اور انیرُدھ راول بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں، اور یہ ۱۴؍ اگست کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ پوسٹ