کینبرا: آسٹریلیا میں نافذ کیے گئے سوشل میڈیا کم از کم عمر (SMMA) قانون کے ابتدائی تین ماہ کے دوران بچوں کے سوشل میڈیا استعمال میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ آسٹریلوی حکومت کے ای سیفٹی کمشنر کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ۱۶ سال سے کم عمر بچوں میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس رکھنے کی شرح ۵۲.۴ فیصد سے کم ہو کر ۴۲.۱ فیصد رہ گئی۔
یہ قانون ۱۰ دسمبر ۲۰۲۵ء کو نافذ ہوا تھا، جس کے تحت کم عمر صارفین کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اکاؤنٹ کی موجودگی سے قطع نظر، ۱۶ سال سے کم عمر بچوں کے مجموعی سوشل میڈیا استعمال میں بھی معمولی کمی آئی، جو ۸۵.۹ فیصد سے گھٹ کر ۸۱.۵ فیصد ہو گیا۔
جائزے میں کچھ مثبت خاندانی تبدیلیاں بھی نوٹ کی گئیں، جن میں بچوں میں ’’کچھ رہ جانے کے خوف‘‘ (FOMO) میں کمی شامل ہے۔ تاہم ایجنسی نے واضح کیا کہ قانون سے قبل اکاؤنٹس رکھنے والی اکثریت تین ماہ بعد بھی اپنے اکاؤنٹس برقرار رکھنے یا نئے بنانے میں کامیاب رہی، جس کی وجہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے عمر کی مؤثر تصدیق پر عمل درآمد میں ناکامی بتائی گئی۔
ای سیفٹی کمشنر نے بتایا کہ پلیٹ فارمز کی قانون کی تعمیل سے متعلق پیچیدہ تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

