نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل ارسینیو ڈومنگیز سے لندن میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے آئی ایم او کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعاون اور وابستگی کا اعادہ کیا اور مؤثر و محفوظ بین الاقوامی بحری نقل و حمل کے لیے عالمی ادارے کے کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے ایم ٹی آنر 25 پر یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی ملاحوں کی بحفاظت رہائی کے لیے جاری کوششوں میں آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کی معاونت پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے تمام پاکستانی ملاحوں کی جلد واپسی کے لیے ادارہ جاتی سطح پر فوری اور مؤثر مداخلت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے بحری امور کی حکمرانی مضبوط بنانے، بین الاقوامی بحری معیارات پر عملدرآمد اور ملکی بلیو اکانومی کے مزید فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں بحری سلامتی و تحفظ، ضابطہ جاتی اصلاحات اور پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی سمیت پاکستان اور آئی ایم او کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

