واشنگٹن: امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا، جن کا ہدف ایران کا خفیہ مالیاتی یا شیڈو بینکنگ نیٹ ورک قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق یہ نیٹ ورک تیل اور دیگر برآمدات سے حاصل ہونے والی رقوم کی بیرون ملک منتقلی اور واپسی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
نئی پابندیوں میں ایرانی بینکوں سے منسلک فرنٹ کمپنیوں، ایکسچینج ہاؤسز اور مالیاتی سہولت کاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ واشنگٹن تہران کے خلاف "تاریخ کی سخت ترین پابندیاں” عائد کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات جاری رکھنے پر اصرار کریں گے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

