راولپنڈی — وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں رانا مشہود نے پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک موثر اور جامع حکمتِ عملی پر بھرپور اقدام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہنر مند افرادی قوت ملک کی معیشت، صنعت اور معاشرتی ہم آہنگی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور تعلیم یافتہ، ہنر مند نوجوان ہماری قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔

