19 فیصد ٹیرف کم کرانے کے لیے پاکستان کے امریکا سے مذاکرات

IMG 20260709 WA1455


واشنگٹن میں دوسرے روز بھی بات چیت، برآمدات، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور معاشی تعاون پر پیش رفت کی کوششیں
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) — پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور امریکا کی جانب سے پاکستانی برآمدات پر عائد 19 فیصد ٹیرف میں کمی کے لیے جاری مذاکرات کا دوسرا روز بھی مکمل ہو گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوسرے مرحلے میں دو طرفہ تجارت، برآمدات کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور مجموعی معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پاکستانی مصنوعات پر عائد بھاری ٹیرف میں کمی کروانا ہے تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی برآمدات کی مسابقت بہتر ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر میں دوطرفہ شراکت داری اور امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
اہلکاروں کے مطابق مذاکرات مثبت ماحول میں جاری ہیں اور دونوں فریقین کی جانب سے تعمیری رویہ اپنایا جا رہا ہے، تاہم حتمی معاہدے یا ٹیرف میں کمی سے متعلق باضابطہ اعلان تاحال متوقع ہے۔
ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ اگر ٹیرف میں کمی ہو جاتی ہے تو اس سے پاکستان کی ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات اور دیگر برآمدی شعبوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ سکتا ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معاشی استحکام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ پوسٹ