وزیراعظم کا امت اور قوم میں اتحاد کے فروغ کے لیے سیرت النبیؐ کی تعلیمات عام کرنے پر زور


اسلام آباد، 26 اگست (محمد سلیم سے ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز کہا کہ نوجوان نسل کو سیرت النبیؐ کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کرا کر قوم اور امت میں اتحاد و بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔
بین الاقوامی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے علماء اور دینی سکالرز پر زور دیا کہ وہ مساجد اور منبر و محراب کے ذریعے اتحاد، رواداری، ہمدردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ امن، محبت، سچائی، دیانتداری اور درگزر کا مجسمہ تھے اور انہی اصولوں کو نوجوان نسل کی کردار سازی کی بنیاد بنایا جانا چاہیے۔
خلیجی کشیدگی اور مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ مسلح تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں نازک مواقع پر قوم نے شاندار اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا جنہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں فریقین سے رابطہ برقرار رکھا۔
وزیراعظم نے مکہ معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا اور کہا کہ پاک بھارت تصادم کے دوران دونوں برادر ممالک "لوہے کی دیوار” کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سیرت طیبہؐ نوجوانوں کے لیے حقیقی رہنمائی فراہم کرتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سوشل میڈیا اور مادہ پرستی کے منفی اثرات نمایاں ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم نے مختلف کیٹیگریز کے فاتحین میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، سفارتکار، علماء، میڈیا نمائندگان اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ پوسٹ