خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 11 دہشت گرد ہلاک
کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے
سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقوں جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
سیکیورٹی فورسزنے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ دہشت گردوں سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا۔ فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 5 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کا بروقت سراغ لگایا اور گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے ضلع خضدار ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے مؤثرانداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمہ تک سیکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

