راولپنڈی — چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے پاکستان کے دورے پر آئے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کے سکیورٹی ماحول، جبکہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے حقائق اور تجزیے کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرنی چاہیے تاکہ وہ ایک تیزی سے بدلتی اور غیر یقینی دنیا میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے دوران اپنے خوشگوار تجربات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی اور گرمجوشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت اور مواقع موجود ہیں۔

