معروف ہالی ووڈ فلم ’اسپائیڈر مین‘ میں نیڈ لیڈز کا کردار نبھانے والے اداکار جیکب بیٹالون نے انٹیریئر ڈیزائنر ویرونیکا لیہوف سے شادی کر لی جس کی تصاویر اور ویڈیوز انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جیکب بیٹالون اور ویرونیکا نے فرانس کے خوبصورت علاقے پرووانس میں 25 سے 27 اگست تک تین روزہ شادی کی تقریبات منعقد کیں جن میں ان کے صرف 56 قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔
جوڑا اس سے قبل ایک نجی عدالتی تقریب میں قانونی طور پر شادی کر چکا تھا، اب انہوں نے اپنے عزیزوں کے ساتھ باقاعدہ تقریبات کا اہتمام کیا۔
جیکب نے شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی بہترین دوست سے اپنے پسندیدہ لوگوں کی موجودگی میں شادی کی اور یہ تقریب ان کے خوابوں سے بھی زیادہ خوبصورت رہی۔

