این ڈی ایم اے نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو، شگر اور دیگر حساس علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال متوقع ہے، آزاد کشمیر میں باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی کے حساس علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوامیں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال، نشیبی علاقے اوررابطہ سڑکیں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
این ای او سی کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم، توچی، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، دریائے سندھ، راوی، چناب اور کابل کے مختلف مقامات اور ملحقہ ندی نالوں کے بہاؤ میں بھی اضافے کے امکان ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں ممکنہ بارش کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کے شدید بہاؤ کا امکان ہے، نشیبی علاقوں میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، عوام نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


