
(24 نیوز)سام سنگ اپنی 2 آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) ایپس کو 31 دسمبر 2026 کو بند کرنے جا رہا ہے تاہم اسی سے متعلق ایک نوٹس سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ایک تیسری ایپ بھی اسی فہرست میں شامل ہے البتہ اسے کچھ اضافی مہلت دی گئی ہے۔
سام سنگ ممبرز کی سرکاری سروس نوٹس کے مطابق ’ڈیکو پک‘ ایپ جو اے آر ڈوڈل اور کوئیک میژر کی طرح اسی اے آر فیملی کا حصہ ہے کی سپورٹ 31 دسمبر 2027 تک برقرار رہے گی۔
اے آر ڈوڈل صارفین کو فون کے کیمرے کے ذریعے ہوا میں ڈرائنگ بنانے کی سہولت دیتی ہے جہاں بنائی گئی ڈرائنگ چہروں یا اشیا کے ساتھ منسلک رہتی ہے خواہ وہ حرکت کیوں نہ کریں۔ جبکہ ’کوئیک میژر‘ اے آر اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرے کے ذریعے کسی بھی جسمانی چیز کی لمبائی یا فاصلے کا فوری اندازہ لگاتی ہے اور اس کے لیے کسی ٹیپ میژر کی ضرورت نہیں پڑتی۔
دونوں ایپس 31 دسمبر 2026 کو ڈاؤن لوڈ اور اپ ڈیٹس کے لیے دستیاب نہیں رہیں گی تاہم سام سنگ کے مطابق جن ڈیوائسز پر یہ ایپس پہلے سے انسٹال ہیں وہ اس تاریخ کے بعد بھی کام کرتی رہیں گی البتہ آئندہ ان کی مکمل مطابقت کی ضمانت نہیں دی جا سکے گی۔
اے آر ڈوڈل، کوئیک میژر اور ڈیکو پک ابتدا میں ’اے آر زون‘ نامی ایک ہی ایپ کے تحت ایک پیکج کی صورت میں دستیاب تھیں جو سنہ 2020 میں گلیکسی ایس 20 سے شروع ہو کر گلیکسی فونز میں پہلے سے انسٹال آتی تھی۔
تاہم سنہ 2025 میں یہ صورتحال بدل گئی جب سام سنگ نے اے آر زون کی ایپلیکیشنز کو الگ الگ خودمختار ایپس میں تقسیم کر دیا جنہیں گلیکسی اسٹور پلیٹ فارم کے ذریعے علیحدہ طور پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا تھا۔
کمپنی نے ان ایپس کو بند کرنے کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی۔ یہ اقدام ٹیکنالوجی کی دنیا میں جاری اس عمومی رجحان سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت آگمینٹڈ ریئلٹی اب اتنی مقبولیت اور توجہ حاصل نہیں کر رہی جتنی پہلے کیا کرتی تھی۔
اے آر اب بھی سام سنگ کے سافٹ ویئر میں موجود ہے مگر اب اسے ایک الگ زمرے کے طور پر پیش کرنے کے بجائے مختلف فیچرز میں ضم کر دیا گیا ہے بالکل اسی طرح جیسے ’میٹاورس‘ اور ’بلاک چین‘ جیسی اصطلاحات کی مقبولیت میں کمی آئی تھی جب مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی صنعت کا نیا مرکزی موضوع بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور: پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ کے 11 طلبہ و طالبات گرفتار

