یورپ میں فلسطین کے حق میں مظاہرے: غزہ کی یکجہتی میں ڈچ شہروں میں پتنگ بازی

pro 060926 d


فرانس، سویڈن اور نیدرلینڈز میں ہفتے کے روز فلسطین کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے اور یکجہتی کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے پر جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور فوری و مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا گیا۔
فرانسیسی دارالحکومت میں یورو فلسطین ایسوسی ایشن کی کال پر سینکڑوں مظاہرین شاتلے اسکوائر پر جمع ہوئے اور پلیس ڈی لا بورس تک مارچ کیا۔ فلسطینی جھنڈوں اور "بائیکاٹ اسرائیل” جیسے پلے کارڈز کے ساتھ شرکاء نے فرانسیسی حکومت سے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ کچھ مظاہرین نے غزہ کی تباہی اور ہولوکاسٹ کی تصاویر بھی ساتھ رکھیں۔
سویڈش دارالحکومت میں اوڈن پلان سے پارلیمنٹ تک مارچ کیا گیا۔ پولیس نے ایک اسرائیل نواز خاتون کو مظاہرین پر حملے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ کارکن جورگن ہیلسنسن نے کہا کہ موجودہ جنگ بندی حقیقی نہیں، اور اسرائیلی حکومت پر تنقید کو سامیت دشمنی سے نہ جوڑا جائے۔
پلانٹ این اولیو ٹری فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ۱۱ ڈچ شہروں میں پتنگ بازی کی گئی، جو غزہ کے بچوں کی پتنگوں پر اسرائیلی ردعمل کے خلاف علامتی احتجاج تھا۔ روٹرڈیم میں "فری فلسطین” اور "سیو غزہ” کے نعروں والی پتنگیں اڑائی گئیں۔ واضح رہے اسرائیلی وزیر دفاع نے ۲۳ اگست کو فوج کو غزہ کی پتنگوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ پوسٹ