امریکہ یا ایران؟ اتحادیوں کو فیصلہ کرنا ہوگا: امریکی وزیر خزانہ

scott bensons d


واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اتحادی ممالک کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں امریکہ اور ایران میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بیسنٹ نے کہا کہ دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس کا ساتھ دینا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اتحادی ممالک ایران کی ’قاتل حکومت‘ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں امریکہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کی جائیں گی اور ایران سے کسی بھی قسم کا لین دین کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، تاکہ ایرانی معیشت کو مکمل تباہ کرکے تہران کی اپنی پراکسیز کو مالی معاونت دینے کی صلاحیت محدود کی جا سکے۔ انہوں نے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی جاری رہنے کی تصدیق بھی کی، جس کا بنیادی ہدف ایرانی حکومت کا خاتمہ ہے۔
بیسنٹ نے خاص طور پر چین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی مہم میں تعاون کرے، اور خبردار کیا کہ ایران سے کاروباری تعلقات جاری رکھنے والے ممالک کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ کے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس میں معاشی دباؤ اہداف کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔
دوسری جانب چین نے پابندیوں اور دباؤ کو مسئلے کا حل قرار دینے سے انکار کر دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ تمام فریقین کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تنازع حل کرنا چاہیے۔

متعلقہ پوسٹ