انڈیا: ’ذہین‘ شیرنی باڑ کے نیچے سے زمین کھود کر دو مرتبہ فرار ہونے میں کامیاب

399856 1475046099


مشرقی انڈیا میں جنگلی حیات کی محفوظ پناہ گاہ منتقل کی گئی شیرنی دوسری مرتبہ اپنے احاطے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ 

پڑوسی ریاست آسام سے پکڑ کر واپس لائے جانے کے چند ہی روز بعد اس نے احاطے کے گرد نصب باڑ کے نیچے سے زمین کھود کر نکلنے کا راستہ بنایا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق ’دوآرس رانی‘ کے نام سے مشہور تین سالہ شیرنی اتوار کی شام مغربی بنگال کے ضلع علی پور دوآر میں واقع بکسا ٹائیگر ریزرو کے 2.2 ہیکٹر رقبے پر پھیلے احاطے سے فرار ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق شیرنی احاطے کی کنکریٹ کی بنیاد کے نیچے سے زمین کھود کر باہر نکلی۔ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے کے قریب اس کے غائب ہونے کا پتہ چلا، جس کے بعد حکام ریڈیو کالر کی مدد سے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مغربی بنگال کے وزیر جنگلات منوج کمار اوراؤں نے پیر کو احاطے کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیرنی نے جس مہارت سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کیا، اس پر حکام حیران ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منوج کمار اوراؤں نے کہا: ’گذشتہ شام شیرنی احاطے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس نے کتنی ذہانت سے باڑ کے نیچے زمین کھود کر اپنے لیے محفوظ راستہ بنایا۔ ہمارا ارادہ تھا کہ دو روز بعد اسے جنگل میں چھوڑ دیا جائے۔‘

انہوں نے شمالی مغربی بنگال کے جنگلاتی خطے کا حوالہ دیتے ہوئے شیرنی کو ’دوآرس کی ملکہ‘ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا: ’آخر وہ دوارس کی ملکہ ہے، کیا اسے واقعی کسی احاطے میں قید رکھا جا سکتا ہے؟‘

حکام کا خیال ہے کہ شیرنی احاطے سے پانچ سے سات کلومیٹر کے دائرے میں موجود ہے۔ اسے آخری بار دریائے جینتی سے منسلک ایک ندی کے قریب دیکھا گیا تھا۔

شیرنی کی تلاش کے لیے محکمہ جنگلات کے تقریباً 60 اہلکار اور تین تربیت یافتہ ہاتھی تعینات کیے گئے ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ وہ دریائے سنکوش عبور کرکے دوبارہ آسام جا سکتی ہے۔

وزیر جنگلات نے مزید کہا: ’ہماری ٹیمیں شیرنی کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں اور مسلسل اس کی نقل و حرکت کا پتہ لگا رہی ہیں۔ ہم اسے دوبارہ آسام جانے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘

دوآرز رانی کو آسام کے جنگلات میں تقریباً 10 روز گزارنے کے بعد تین نومبر کو واپس بکسا لایا گیا تھا۔

اسے ابتدا میں مغربی بنگال میں شیروں کی منتقلی کے پہلے پروگرام کے تحت بہار کے والمیکی ٹائیگر ریزرو سے لایا گیا تھا۔ بکسا میں شیروں کی آبادی بحال کرنے کے لیے اسے دو اکتوبر کو وہاں کے جنگل میں چھوڑا گیا۔

تاہم 24 اکتوبر کو وہ 100 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرکے آسام کے ریمونا ٹائیگر ریزرو پہنچ گئی۔ بعد ازاں دونوں ریاستوں کے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے تین نومبر کو ضلع کوکراجھار کے علاقے ڈوٹما میں گیلاگوری کے قریب اسے بے ہوش کرکے پکڑ لیا۔

واپسی کے بعد شیرنی کو جنگل میں چھوڑنے سے پہلے نئے ماحول سے مانوس کرنے کے لیے ایک احاطے میں رکھا گیا تھا۔

حکام کے مطابق تازہ فرار سے پہلے بھی شیرنی نے کئی مرتبہ باڑ توڑ کر نکلنے کی کوشش کی تھی۔ ان کا خیال ہے کہ آسام میں آزادانہ گھومنے پھرنے کے باعث اب وہ قید میں رہنے پر آمادہ نہیں۔

بکسا ٹائیگر ریزرو 760 مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور کبھی شیروں کی ایک اہم قدرتی پناہ گاہ ہوا کرتا تھا، لیکن قدرتی ماحول کی تباہی، زمین کے استعمال میں تبدیلی اور شکار کے لیے دستیاب جانوروں کی تعداد میں کمی نے یہاں مستقل طور پر شیروں کی تعداد برقرار رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ