اسلام آباد،— گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی حکومت کے گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں، اور کیش لیس اکانومی حکومتی تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی جزو ہے۔ ان کے مطابق کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بلاتاخیر مستحقین تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں سے ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اور مستحق خواتین کو اپنی مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔
وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

