سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں پاکستان پوسٹ آفس کی نجکاری کی تجویز پیش

pakistan post1764929386 0



سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں پاکستان پوسٹ آفس کی نجکاری کی تجویز پیش کر دی گئی۔

سینیٹر پرویز رشید کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی پاکستان پوسٹ آفس نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔

پاکستان پوسٹ آفس کی ڈیجیٹلائزیشن نہ ہونے کی وجہ سے کمیٹی ارکان نے پوسٹ آفس حکام پر تنقید کی۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس کے آپریشنز دور جدید اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔

وزارت مواصلات حکام نے اعتراف کیا کہ پاکستان پوسٹ آفس کی ڈیجیٹلائزیشن کا نہ ہونا آپریشن میں مسائل ڈالتا ہے۔

رکن کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس پر تو کسی کا اعتماد ہی نہیں ہے، پاکستان پوسٹ آفس کا ادارہ آگے کیوں نہیں بڑھ پا رہا ہے، اس بات کا افسوس ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ اب اس وقت زمانہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا ہے، پوسٹ آفس پرانے طور طریقوں پر چل رہا ہے۔

ڈی جی پاکستان پوسٹ آفس نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس کو فنڈز کی کمی ہے اس وجہ سے ٹیکنالوجی لانے میں رکاوٹ آرہی ہے، پاکستان پوسٹ آفس پر 6.4 بلین کی وینڈرز کی واجبات ہیں، واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پوسٹ آفس کے آپریشنز کو بحال رکھنے میں چیلنجز درپیش ہیں۔

ڈی جی نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرقی وسطیٰ جنگ کی وجہ سے بین الاقوامی میل پر اثر پڑا ہے، مشرق وسطیٰ جنگ کے دوران پوسٹ آفس کا بین الاقوامی میل نظام بند نہیں ہونے دیا ہے، پاکستان پوسٹ آفس کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ڈی جی پوسٹ آفس نے پوسٹ آفس کی آٹومیشن کے پروجیکٹ پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ آٹومیشن کے لیے ایگزم بینک سے قرضہ منظور ہو چکا ہے، کنسلٹنٹ کی تعیناتی کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا اور حکومت سے درخواست کی ہے کہ ایک ارب 30 کروڑ روپے جاری کر دے۔

حکام کے مطابق پورے منصوبے کی رقم ایگزم بینک ادا کرے گا، پوسٹ آفس میں 1691 اسمارٹ فون کی خریداری جلد کی جائے گی، کیش لیس اکانومی کے لیے نیشنل بینک سے ایم او یو سائن کیا ہے، پائلٹ منصوبے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کام شروع کر رہے ہیں۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ منصوبے کا سب سے بڑا سیٹ اَپ لاہور میں موجود ہے وہاں کیوں نہیں کر رہے۔ حکام نے بتایا کہ متعدد پوسٹ آفس میں یہ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سینیٹر طلحہٰ محمود نے پوسٹ آفس کی نجکاری کی تجویز بھی دے دی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ