سعودی عرب کی سول ڈیفینس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو طائف کے علاقے میں حوثی ڈرون کو تباہ کیے جانے کے بعد ملبہ گرنے سے ایک یمنی شہری جان سے گیا جبکہ ایک پاکستانی سمیت دو افراد زخمی ہیں۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے جبکہ زخمی ہونے والوں میں ایک سعودی خاتون شہری بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے طائف میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی۔
ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا: ’طائف میں حوثیوں کے ڈرون حملے پر گہری تشویش ہے، جس کے نتیجے میں یمن سے تعلق رکھنے والا ایک رہائشی جان سے گیا جبکہ ایک سعودی شہری اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوئے، جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ پاکستانی شہری کی حالت تشویش ناک ہے۔‘
Deeply concerned at the Houthi drone attack on Taif, which claimed the life of a Yemeni resident, injured a Saudi citizen and a Pakistani national (reportedly in critical condition).
Pakistan strongly condemns this provocation, which endangered innocent lives and threatens…— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 17, 2026
انہوں نے مزید لکھا: ’پاکستان اس اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتا ہے، جس سے بے گناہ لوگوں کی جانیں خطرے میں پڑیں اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا۔
ہم مملکت سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔‘
سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کو تباہ کیا گیا، تاہم اس کے ملبے کے ٹکڑے طائف کے مختلف مقامات پر جا گرے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ جائن یہاں کریں
سول ڈیفنس کے مطابق ڈرون کے ملبے سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
یمنی حوثیوں کی جانب سے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر حملوں میں تیزی دیکھی گئی ہے جس کی پاکستان سمیت متعدد ممالک شدید الفاظ میں مذمت کر چکے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کے مطابق حوثی ملیشیا نے بدھ کو مسلمانوں کے سب مقدس شہر مکہ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب حوثیوں نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں آرامکو کی ایک تنصیب اور جنوبی سعودی عرب میں ایک ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔
اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ سعودی عرب نے اس ہفتے یمن پر 450 سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں انہوں نے ’ینبع میں آرامکو کی تنصیب کو درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا‘ جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ’خمیس مشیط ایئر بیس‘ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

