پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں سینیٹ ایک ایسا ادارہ ہے جس پر عوامی اور علمی سطح پر نسبتاً کم توجہ دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے انتخابات، سیاسی جوڑ توڑ اور حکومتی تبدیلیاں ہمیشہ خبروں کی زینت بنتی رہی ہیں، لیکن سینیٹ، جو وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کے لیے قائم کیا گیا تھا، اکثر عوامی نظروں سے اوجھل رہا۔
یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر دلاور حسین کی گذشتہ دنوں شائع ہونے والی کتاب ’The Senate of Pakistan‘ نہ صرف ایک اہم علمی کاوش ہے بلکہ پاکستان کے سیاسی اور آئینی نظام کو سمجھنے کے لیے ایک قابل قدر اضافہ بھی ہے۔
اس کتاب کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ پاکستان کے ایک ایسے ادارے پر روشنی ڈالتی ہے، جس پر نسبتاً کم تحقیق ہوئی ہے۔ ہمارے ہاں جمہوریت، فوج، سیاسی جماعتوں اور انتخابات پر تو بہت کچھ لکھا گیا، مگر سینیٹ پر جامع علمی کام نہ ہونے کے برابر تھا۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ڈاکٹر دلاور حسین نے بتایا کہ انہیں یہ کتاب لکھنے میں تین سال سے زیادہ کا عرصہ لگا جس کے ذریعے انہوں نے اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی تحقیق محض نظریاتی بحث تک محدود نہیں بلکہ پارلیمانی ریکارڈ، آئینی دستاویزات اور تجرباتی شواہد پر مبنی ہے۔ یہی خصوصیت اس کتاب کو زیادہ معتبر اور تحقیقی اعتبار سے مضبوط بناتی ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد سے جڑے پروفیسر الہان نیاز کا کتاب کے بارے میں کہنا تھا: ’ایسے وقت میں جب پاکستان کے آئینی اور سیاسی نظام کا گہرا بحران جمہوری ڈھانچے کی کمزوری، سول اثر و رسوخ میں کمی اور نئے سرے سے ابھرتی ہوئی بالادست قوتوں کے دور میں داخل ہو رہا ہے، یہ بروقت اور اہم کتاب ملک کے ادارہ جاتی ڈھانچے کے ایک نہایت اہم پہلو پر نئی روشنی ڈالتی ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد سے جڑے پروفیسر الہان نیاز کا کتاب کے بارے میں کہنا تھا کہ ’ایسے وقت میں جب پاکستان کے آئینی اور سیاسی نظام کا گہرا بحران جمہوری ڈھانچے کی کمزوری، سول اثر و رسوخ میں کمی اور نئے سرے سے ابھرتی ہوئی بالادست قوتوں کے دور میں داخل ہو رہا ہے، یہ بروقت اور اہم کتاب ملک کے ادارہ جاتی ڈھانچے کے ایک نہایت اہم پہلو پر نئی روشنی ڈالتی ہے۔
’بنیادی اور ثانوی ماخذوں کے وسیع ذخیرے کی بنیاد پر حسین نے پاکستانی سینیٹ کی ایک جامع، متاثر کن اور بصیرت افروز تصویر پیش کی ہے، جو محققین، مبصرین اور عام قارئین سب کے لیے مفید ثابت ہوگی۔‘
1973 کے آئین کے تحت قائم ہونے والی سینیٹ پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی جامع کتاب ہے جو اس ادارے کی تشکیل، ارتقا، آئینی اختیارات، سیاسی کردار اور عملی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کرتی ہے۔
ڈاکٹر دلاور حسین اس کتاب میں یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ سینیٹ نے ملک میں وفاقیت کے استحکام، صوبائی حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے عمل میں کس حد تک مؤثر کردار ادا کیا ہے اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد اس کے کردار میں کیا تبدیلیاں آئی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یونیورسٹی آف ہل، برطانیہ کے پروفیسر فلپ نورٹن کے مطابق: ’دلاور نے وفاقی نظام میں ایوانِ بالا کے کردار کا نہایت عمدگی سے جائزہ لیا ہے۔ اگرچہ علاقائی نمائندگی کے اعتبار سے یہ ایک غیر معمولی ادارہ نہیں، تاہم اس کی انفرادیت اس بات میں ہے کہ اس کے ارکان بالواسطہ منتخب ہوتے ہیں، لیکن آئینی طور پر یہ قومی اسمبلی کے تقریباً مساوی حیثیت رکھتا ہے۔ مصنف نے اس کے ادارہ جاتی ڈیزائن اور آئینی اختیارات کی منطق کا جائزہ لینے کے بعد قانون سازی اور غیر قانون ساز پالیسی سازی دونوں میدانوں میں اس کی مؤثریت کا تجزیہ کیا ہے۔‘
’یہ نہ صرف ایک اہم علمی مطالعہ ہے بلکہ عوامی مباحث کے لیے بھی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔‘
یونیورسٹی آف ناٹنگھم کی پروفیسر کیتھرین ایڈنی نے بھی کہا ہے کہ ’سینیٹ آف پاکستان اینڈ ریجنل ریپریزنٹیشن‘ نے سینیٹ کو دنیا بھر کے ایوانِ بالا سے متعلق تقابلی مباحث کے وسیع تناظر میں رکھ کر اس کے ڈھانچے، کردار اور فعالیت کا گہرائی سے تجزیہ کیا ہے۔ اس مطالعے میں خاص طور پر اٹھارہویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں آنے والی تبدیلیوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، جس سے کتاب کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔‘
پاکستان میں سینیٹ کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
پاکستان ایک وفاقی ریاست ہے جہاں مختلف صوبے اپنی تاریخ، ثقافت، زبانوں اور سیاسی ترجیحات کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ایسے نظام میں یہ خدشہ ہمیشہ موجود رہتا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے بڑے صوبے چھوٹے صوبوں پر سیاسی برتری حاصل کر لیں۔ اسی مسئلے کے حل کے لیے دنیا کے کئی وفاقی ممالک، جیسے امریکہ، آسٹریلیا اور جرمنی، نے دو ایوانی پارلیمانی نظام اپنایا۔
پاکستان میں بھی سینیٹ کا قیام اسی مقصد کے تحت عمل میں آیا تاکہ تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی مل سکے۔ قومی اسمبلی آبادی کی بنیاد پر نمائندگی کرتی ہے جبکہ سینیٹ میں ہر صوبے کو تقریباً مساوی نمائندگی دی جاتی ہے۔ اس طرح سینیٹ وفاقی توازن اور صوبائی مفادات کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
ڈاکٹر دلاور حسین اپنی کتاب میں اسی بنیادی سوال کا جواب تلاش کرتے ہیں کہ آیا سینیٹ واقعی صوبوں کی مؤثر نمائندہ بن سکی ہے یا نہیں۔
اٹھارہویں ترمیم کے بعد بدلتا ہوا کردار
کتاب کا ایک اہم پہلو 2010 میں منظور ہونے والی اٹھارہویں آئینی ترمیم کا تجزیہ ہے۔ اس ترمیم کو پاکستان کی آئینی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے صوبوں کو زیادہ اختیارات منتقل کیے گئے اور وفاقی ڈھانچے کو نسبتاً مضبوط بنایا گیا۔
مصنف استدلال کرتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم نے سینیٹ کی اہمیت میں اضافہ کیا۔ اس کے بعد صوبائی خودمختاری، وسائل کی تقسیم اور وفاقی پالیسیوں کے حوالے سے سینیٹ کا کردار زیادہ نمایاں ہوا۔ تاہم وہ یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ آئینی اختیارات میں اضافے کے باوجود سینیٹ عملی طور پر اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق کام نہیں کر سکی۔
کیا سینیٹ واقعی صوبوں کی آواز بنی؟
کتاب کا سب سے دلچسپ حصہ اس سوال کا تجزیہ ہے کہ آیا سینیٹرز نے وفاقی سطح پر صوبوں کے مسائل اور خدشات کی مؤثر نمائندگی کی۔
مصنف نے پارلیمانی کارروائی، قانون سازی، مباحث اور مختلف سیاسی ادوار کا جائزہ لے کر یہ جانچنے کی کوشش کی ہے کہ سینیٹ نے صوبائی مفادات کے تحفظ کے لیے کس حد تک کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق سینیٹ نے بعض مواقع پر صوبائی حقوق کے لیے آواز بلند کی، لیکن اکثر اوقات سیاسی جماعتوں کا دباؤ اور پارٹی وابستگیاں صوبائی ترجیحات پر غالب آ گئیں۔
یہ ایک اہم مشاہدہ ہے کیونکہ سینیٹ کا بنیادی مقصد صوبوں کی نمائندگی ہے، نہ کہ صرف سیاسی جماعتوں کی۔
ایک مضبوط ایوان یا اختیارات سے محروم ادارہ؟
کتاب کا ایک مرکزی استدلال یہ ہے کہ پاکستان کے پارلیمانی نظام نے وقت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور حکومت کو اس قدر مضبوط بنا دیا ہے کہ سینیٹ کا کردار ثانوی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
اگرچہ سینیٹ قانون سازی اور نگرانی کی بعض اہم ذمہ داریاں ادا کرتی ہے لیکن اس کے اختیارات اب بھی قومی اسمبلی کے برابر نہیں ہیں۔ مثال کے طور پر مالیاتی بلوں کے معاملے میں سینیٹ کے اختیارات محدود ہیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ بعض ماہرین کے نزدیک سینیٹ وفاقی ڈھانچے کا ایک اہم ستون ہونے کے باوجود مکمل طور پر بااختیار ادارہ نہیں بن سکی۔
ڈاکٹر دلاور حسین اس بحث کو تاریخی اور تقابلی تناظر میں پیش کرتے ہیں اور دکھاتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بالائی ایوان کس طرح اپنے اختیارات استعمال کرتے ہیں اور پاکستان ان تجربات سے کیا سیکھ سکتا ہے۔
یہ کتاب صرف پاکستان تک محدود نہیں رہتی بلکہ دو ایوانی نظام (Bicameralism) کے عالمی تجربات کا بھی جائزہ پیش کرتی ہے۔ مصنف مختلف ممالک کے بالائی ایوانوں کی ساخت، اختیارات اور کارکردگی کا تقابلی مطالعہ کرتے ہوئے ایک نظریاتی فریم ورک پیش کرتے ہیں جس کی مدد سے کسی بھی پارلیمانی ادارے کی مؤثریت کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اسی وجہ سے یہ تصنیف صرف پاکستانی سیاست کے طلبہ کے لیے نہیں بلکہ وفاقیت، جمہوریت اور قانون سازی کے عالمی مباحث میں دلچسپی رکھنے والے محققین کے لیے بھی اہم ہے۔
یہ ایک ایسی کتاب ہے جو پاکستان کے وفاقی نظام، پارلیمانی سیاست اور صوبائی نمائندگی کو سمجھنے کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتی ہے۔ یہ کتاب نہ صرف سینیٹ کی کامیابیوں اور کمزوریوں کا جائزہ لیتی ہے بلکہ مستقبل میں اس ادارے کو زیادہ مؤثر بنانے کے امکانات اور اصلاحات پر بھی غور کرتی ہے۔
پاکستان میں جب بھی وفاق، صوبائی خودمختاری، آئینی توازن اور جمہوری اداروں کی مضبوطی پر بحث ہوگی، ڈاکٹر دلاور حسین کی یہ تصنیف ایک بنیادی حوالہ سمجھی جائے گی۔ ایسے وقت میں جب وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد، وسائل کی تقسیم اور سیاسی نمائندگی کے سوالات پہلے سے زیادہ اہم ہو چکے ہیں، یہ کتاب سینیٹ کے کردار کو نئے زاویے سے سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
مختصراً، یہ صرف ایک کتاب نہیں بلکہ پاکستان کے وفاقی ڈھانچے اور جمہوری ارتقا کو سمجھنے کی ایک سنجیدہ علمی کوشش ہے، جسے طلبہ، محققین، صحافیوں، قانون سازوں اور پالیسی سازوں سب کو پڑھنا چاہیے۔


