کراچی:
صفورا چورنگی کے قریب سید ولیج میں مسلح ڈاکوؤں نے فوڈ ڈیلیوری بوائے کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق فوڈ ڈیلیوری بوائے گلفام گزشتہ روز صبح تقریباً 4 بجے پیزا ڈیلور کرنے صفورا چورنگی کے قریب سید ولیج پہنچا تھا۔ گلفام گلی میں کھڑے ہوکر پیزا منگوانے والے شہری کا انتظار کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو وہاں پہنچ گئے۔
مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر فوڈ ڈیلیوری بوائے سے موبائل فون اور نقدی چھین لی، جبکہ اس کے ڈیلیوری باکس سے پیزا بھی نکال لیا۔
ڈاکو فوڈ ڈیلیوری بوائے کی موٹر سائیکل بھی چھین کر لے جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم گلفام کے ہاتھ جوڑنے پر ڈاکو موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح ڈاکوؤں کو فوڈ ڈیلیوری بوائے سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوڈ ڈیلیوری بوائے کے ساتھ پیش آئی واردات کا مقدمہ ملیر کینٹ تھانے میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

