جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، شدید ٹریفک جام

twin cities rain1790572433 0



جڑواں شہروں میں صبح سویرے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم میں تبدیلی اور سردی کی آمد کا آغاز ہوگیا، جبکہ اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر شدید ٹریفک جام سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر واسا میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام فیلڈ افسران اور عملے کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان کے مطابق نالہ لئی اور بڑے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جبکہ حساس مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث نگرانی جاری ہے، جبکہ نیو کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر پانی کی سطح 10 فٹ تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں بھی ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی مقامات پر نکاسی آب کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز نالوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد کی ایکسپریس ہائی وے پر بارش کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے، گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگنے سے شہری کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے۔ شہریوں کے مطابق ٹریفک جام کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر دکھائی نہیں دیے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون اسلام آباد تا پشاور، ایم ٹو اسلام آباد تا کوٹ مومن، ہزارہ موٹروے برہان تا کرمونگ اور سوات موٹروے پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، رفتار کم رکھنے، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق بارش کے باعث پھسلن اور حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے، شہری شاہراہوں کی صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ