West Bank Violence: Palestinian Killed After Car Hits Israeli Military Vehicle

palestini car rammed at israeli army vehical1791227577 0


مغربی کنارے کے علاقے بنی نعیم کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کار سوار فلسطینی شہید جب کہ دیگر دو زخمی ہوگئے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج کی ایک چیک پوسٹ پر تیز رفتار کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن ڈرائیور نے کار فوجی گاڑی پر چڑھا دوڑی۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اہلکاروں نے کار پر فائرنگ کردی جس میں ایک فلسطینی نوجوان مارا گیا جب دیگر دو شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا، واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

البتہ ایک اور واقعے میں اسرائیلی فوج نے نابلس میں 2 فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن پر اسرائیلی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے ہتھیار خریدنے کا الزام ہے۔

ادھر وسطی مغربی کنارے میں ایک فلسطینی شخص نے مبینہ طور پر چاقو لہراتے ہوئے ایک اسرائیلی آبادکار کی گاڑی کو آگ لگا دی اور آبادکاروں کو دھمکایا جس پر آبادکاروں نے اپنی گاڑی سے اسے ٹکر ماری۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو بعد میں اسرائیلی فوج نے گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب رام اللہ کے قریب فلسطینیوں کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے زیتون کے درختوں اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی جبکہ جنین کے قریب زیتون توڑنے والے 3 فلسطینی بھی آبادکاروں کے حملے میں زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مغربی کنارے میں تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جہاں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے جب کہ بعض واقعات میں اسرائیلی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اموات بھی ہوئی ہیں۔

 





Source link

متعلقہ پوسٹ