لاہور؛ پولیس نے ای چالان میں سنچری مکمل کرنے والی موٹرسائیکل پکڑ لی

lahore traffic police1791306698 0



لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر پولیس کی جانب سے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے والٹن روڈ پر ای چالان میں سنچری مکمل کرنے والی موٹرسائیکل پکڑ لی۔

ڈی ایس پی ٹریفک اشفاق احمد کے مطابق مذکورہ موٹرسائیکل سوار نے 89 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی اور  24 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کو ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور موٹرسائیکل کو تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے کے تحت پیٹرولنگ افسران غلام عربی اور تنویر نے موٹرسائیکل کے ای چالان چیک کیے تو مجموعی طور پر 113 چالان سامنے آئے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق منظم ٹریفک کے حصول کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کے لیے مراسلے بھی ارسال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں لہٰذا شہری ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ