غزہ جنگ کے تین سال: ۳۷ ممالک میں ۲۶۲ فلسطین حامی پروگرام، برلن، لندن اور نیویارک میں بڑے مظاہرے

berlin 81026 d


لندن (انٹرنیشنل ڈیسک): غزہ جنگ کے تین سال مکمل ہونے پر دنیا کے مختلف براعظموں میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے مطالبے کے ساتھ مظاہرے، مارچ، دھرنے اور طلبہ احتجاج ہوئے۔
اسرائیل کی وزارتِ ڈائسپورا امور و انسدادِ یہود دشمنی کے مطابق ۳۷ ممالک میں ۲۶۲ فلسطین حامی پروگراموں کی نشاندہی کی گئی، جن میں ۷۵ پروگرام ۷ اکتوبر کو ہوئے۔ ۱۰ اور ۱۱ اکتوبر کو مزید ۱۲۱ پروگرام متوقع ہیں۔ سب سے زیادہ پروگرام امریکہ (۴۵)، اسپین (۴۰)، آسٹریلیا (۲۱) اور برطانیہ (۱۹) میں درج ہوئے۔
برلن میں سیکڑوں افراد نے مارچ کیا، جن میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل تھیں۔ مظاہرین نے جنگ کے خاتمے اور جرمنی کی اسرائیل کو اسلحہ فراہمی روکنے کا مطالبہ کیا۔ نیدرلینڈز میں یوٹریخت، ایمسٹرڈیم اور روٹرڈیم کے ریلوے اسٹیشنوں پر دھرنے دیے گئے۔
لندن میں طلبہ کے مارچ کے دوران پولیس نے ایک احتجاج میں "انتفاضہ” کے نعروں کے الزام میں ۵ افراد کو گرفتار کیا۔ دن بھر کے مظاہروں میں مجموعی گرفتاریاں ۱۱ رہیں۔ نیویارک میں سٹی ہال کے قریب سیکڑوں افراد جمع ہوئے، جبکہ کولمبیا یونیورسٹی کے باہر ۷۰ سے زائد افراد نے احتجاج کیا۔ میکسیکو سٹی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ پوسٹ