ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 7 نکات پر بات چیت جاری ہے اور امریکا نے بھی ایران کے پیش کردہ 7 نکات پر اپنا مؤقف شیئر کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست رابطے پاکستان کی ثالثی کوششوں کا نتیجہ ہیں جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پہلے سے موجود ہے۔ زیرِ بحث بعض نکات اس یادداشت سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سجاد حیدر خان کے مطابق امریکا اور ایران کے تنازع کے حل میں پاکستان سمیت دیگر اہم ممالک بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان براہ راست رابطوں، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ ثالثی کے لیے تیار ہے۔

