ایران کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش، امریکی فوج نے تجارتی جہاز ناکارہ بنا دیا

strait of hormuz1790920025 0


واشنگٹن: امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج عمان میں ایک تجارتی مال بردار جہاز کو کارروائی کے دوران ناکارہ بنا دیا، کیونکہ جہاز کے عملے نے مبینہ طور پر انتباہات نظرانداز کرتے ہوئے ایران کے خلاف عائد بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ پاناما کے پرچم تلے سفر کرنے والے مال بردار جہاز ایم وی اوشن مولیکا کو امریکی لڑاکا طیارے نے نشانہ بنایا۔ اس جہاز کو ’’اریکا سن‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی طیارے نے جہاز کے پچھلے حصے پر درست نشانہ لگانے والا گولہ بارود استعمال کیا، جس سے جہاز کا نظامِ حرکت مکمل طور پر ناکارہ ہوگیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں جہاز کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی حکام کے مطابق جہاز ایرانی بندرگاہ سے روانہ ہونے کے بعد علاقائی پانیوں سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم عملے نے بار بار دی جانے والی وارننگز پر عمل نہیں کیا۔

رائٹرز فوری طور پر جہاز چلانے والی کمپنی سے رابطہ کرکے امریکی دعوے پر اس کا مؤقف حاصل نہیں کرسکا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب موجود بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بحری ناکہ بندی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں، سمندری جہازرانی کے لیے جاری کیے جانے والے انتباہی پیغامات پر نظر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر امریکی بحری افواج سے رابطہ کریں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران کے خلاف بحری پابندیوں اور خطے میں بحری آمدورفت کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔ تاہم، جہاز کو ناکارہ بنانے سے متعلق تفصیلات فی الحال امریکی فوج کے بیان پر مبنی ہیں اور واقعے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ